حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین یونٹ میر اسماعیل خان چھلگری کے زیر اہتمام ایامِ شہادت حضرت فاطمۃ الزہراؑ کی مناسبت سے گوٹھ میر اسماعیل خان چھلگری کی بالان شاخ میں ایک پُروقار مجلسِ عزاء منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام، عمائدین، عزادارانِ اہل بیتؑ اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مجلسِ عزاء سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما و صوبائی صدر سندھ علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی صدر عزاداری ونگ علامہ سید ظفر عباس شمسی، مرکزی جنرل سیکرٹری وحدت یوتھ برادر اللہ بخش سجادی، صوبائی جنرل سیکرٹری سید عبدالقادر شاہ بخاری، ضلعی صدر مجلس علمائے مکتب اہل بیتؑ علامہ حاجی سیف علی ڈومکی، مولانا قمر عباس اور دیگر علمائے کرام نے خطاب کیا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سورۂ کوثر سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراؑ کی شانِ اقدس میں نازل ہوئی۔ اگرچہ سورۂ کوثر قرآن کریم کی مختصر ترین سورت ہے، لیکن اپنے اعجاز، فصاحت و بلاغت اور معانی و مفاہیم کے اعتبار سے عظیم مقام رکھتی ہے۔ کوثر حضرت فاطمۃ الزہراؑ کا لقب ہے اور اللہ تعالیٰ نے آپؑ کی ذاتِ اقدس کو خیرِ کثیر کا مظہر قرار دیا ہے۔ دشمنانِ رسالت نے جب رسول اکرمؐ کی نسل اور پیغامِ اسلام کے خاتمے کی آرزو کی تو اللہ تعالیٰ نے سیدہ فاطمۃ الزہراؑ کی ذاتِ گرامی کے ذریعے نسلِ نبوت اور دینِ اسلام کی بقا کا ایسا انتظام فرمایا جو قیامت تک جاری رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عصرِ حاضر میں نسلِ کوثر سے تعلق رکھنے والے رہبرِ کبیر حضرت امام خمینیؒ اور رہبرِ شہید حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے وقت کے یزیدوں اور فرعونوں، امریکہ اور اسرائیل کے سامراجی عزائم کے خلاف جرأت مندانہ مؤقف اختیار کیا۔ آج ٹرمپ اور نیتن یاہو کی پالیسیوں کو عالمی سطح پر شدید تنقید اور مخالفت کا سامنا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کی ذلت و رسوائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسوۂ فاطمیؑ حق، استقامت، عزت اور مظلوموں کی حمایت کا راستہ ہے۔

علامہ سہیل اکبر شیرازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہراؑ کی زندگی خواتینِ عالم کے لیے عفت، حیا، عبادت، بصیرت اور حق گوئی کا کامل نمونہ ہے۔ آپؑ نے اپنے مختصر دورِ حیات میں اسلام کی حقیقی تعلیمات اور ولایت کے دفاع میں عظیم کردار ادا کیا۔
علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ ایامِ فاطمیہ ہمیں اہل بیت اطہارؑ کی محبت کے ساتھ ساتھ ان کے افکار، کردار اور سیرت کو اپنی عملی زندگی میں اپنانے کا درس دیتے ہیں۔ سیدہ زہراؑ کی مظلومیت تاریخِ اسلام کا ایسا باب ہے جو ہر دور کے اہلِ حق کو بیدار کرتا رہے گا۔
برادر اللہ بخش سجادی نے کہا کہ نوجوان نسل کو سیرتِ حضرت فاطمۃ الزہراؑ سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو علم، شعور، کردار اور دین سے وابستگی کے ذریعے معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

سید عبدالقادر شاہ بخاری نے کہا کہ اتحادِ امت، محبتِ اہل بیتؑ اور مظلوموں کی حمایت ہماری دینی و ملی ذمہ داری ہے۔ مجالسِ عزاء ہماری دینی شناخت اور نسل در نسل پیغامِ کربلا و اہل بیتؑ منتقل کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
علامہ حاجی سیف علی ڈومکی نے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہراؑ کی محبت ایمان کا سرمایہ اور آپؑ کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ہمیں اپنے گھروں اور معاشرے میں سیرتِ زہراؑ کے نور کو عام کرنا چاہیے۔
مجلس کے اختتام پر سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراؑ کی مظلومیت پر پرسہ پیش کیا گیا، جبکہ عالمِ اسلام، ملتِ تشیع، شہدائے اسلام، شہدائے چھلگری، رہبرِ شہید اور مظلومینِ جہاں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔










آپ کا تبصرہ